جنوبی سوڈان،29اپریل(ایجنسی) شورش زدہ افریقی ملک جنوبی سوڈان کے صدر سَلوا کیر Salva Kiir نے اپنے ملک میں یونٹی حکومت کے قیام کا فرمان جاری کر دیا ہے۔ یہ حکومت گزشتہ برس اگست میں طے پانے والے امن معاہدے کی روشنی
میں قائم کی گئی ہے۔ اِس یونٹی حکومت میں سَلوا کیر کے سب سے بڑے حریف باغی لیڈر ریک مچار کو اول نائب صدر کا منصب دیا گیا ہے۔ اِس حکومت میں تیس وزراء پر مشتمل کابینہ ہے جو سَلوا کیر اور ریک مچار کے درمیان تقسیم کی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کابینہ کی تشکیل کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے تمام چھوٹے متحارب گروپوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ تشدد کی راہ کو چھوڑ کر امن عمل میں شریک ہو جائیں۔